کراچی(این این آئی) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے دوران شہر قائد میں ٹریفک پلان جاری کردیا گیاہے جس کے مطابق شائقین کرکٹ کو شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان اور
سری لنکا میں میچز کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کردیا۔جاوید مہر نے بتایا کہ 2 ہزار سے زائد افسران و اہلکار اپنے فرائض انجام دیں گے، پارکنگ اردو یونیورسٹی گرانڈ اور غریب نواز فٹ بال گرائونڈ میں ہوگی۔ ایکسپو سینٹر اور رعنا لیاقت گرلز کالج کو بھی پارکنگ کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ شائقین کرکٹ کو شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا، میچز کے دوران متبادل راستوں کے بھی انتظامات کرلیے گئے۔ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق کارساز، اسٹیڈیم روڈ اور نیو ٹائون کے متبادل راستے اختیار کیے جاسکتے ہیں۔ نیپا، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، پیپلز چورنگی اور یونیورسٹی روڈ پر بھاری ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔خیال رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان میں موجود ہوگی، سری لنکن ٹیم کے دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ تینوں ون ڈے میچز 27، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ٹی 20 میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز دسمبر تک موخر کردی گئی ہے۔