لاہور(آن لائن )پاک سری لنکا ون ڈے سیریز میں شائقین کی عدم دلچسپی پی سی بی کے لیے لمحہ فکریہ بن گئی۔نیشنل سٹیڈیم میں شیڈول میچزمیں عوام کوراغب کرنے کے لیے کپتان سرفراز احمد اور دیگر کرکٹرز بھی میدان میں آگئے، انھوں نے درخواست کی کہ لوگ دونوں ٹیموں اورکرکٹ کوسپورٹ کرنے کے لیے بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں۔تفصیلات کے مطابق10سال بعد سری لنکن ٹیم سیریز
کھیلنے پاکستان آئی ہے مگر32 ہزار سے زائد نشستوں والے نیشنل سٹیڈیم میں شیڈول ون ڈے مقابلوں میں شائقین عدم دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں، میچز کے لیے ٹکٹ فروخت کرنے والی کوریئر سروس کی مقررکردہ شاخوں کا اکا دکا خریداروں نے ہی رخ کیا، ٹکٹوں کی فروخت کی رفتارانتہائی مایوس کن ہے۔دوسری جانب پی سی بی کے جاری کردہ بیان میں سرفراز احمد نے کہا کہ ہوم گرانڈ پر ایک روزہ ٹیم کی قیادت میرے کیریئر کا خاص موقع ہوگا، انھوں نے شائقین سے اپیل کی کہ وہ ان میچز کے لیے سٹیڈیم آکر تاریخی لمحے کا حصہ بنیں۔بابر اعظم نے کہا کہ بطور نائب کپتان سری لنکا سے پہلے میچ کیلئے میدان میں اترنا میرے لیے یادگار لمحہ ہوگا، میں کراچی سمیت ملک بھر کے شائقین کرکٹ سے اس یادگار دن کا جشن منانے کے لیے نیشنل سٹیڈیم آنے کی درخواست کرتا ہوں۔لیگ سپنر شاداب خان نے کہا کہ سری لنکا سے سیریز میں بھی کراچی کے مداحوں سے مجھے جوش اور ولولہ کی توقع ہے، دوسری جانب ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹرمصباح الحق اور پیسر وہاب ریاض نے بھی شائقین کو پلیئرز کی حوصلہ افزائی کے لیے سٹیڈیم آنے کی ترغیب دی ہے۔