کراچی(این این آئی)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 27 ستمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا جس کیلئے گرائونڈ کی تزئین و آرائش اور پچز کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاری کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے،نیشنل اسٹیڈیم میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم بھی تیار کرلیا گیا گرائونڈ اسٹاف میدان کو بہتر بنانے میں مصروف ہے جبکہ انکلوژرز میں صفائی ستھرائی کا کام بھی جاری ہے۔نیشنل
اسٹیڈیم کراچی میں اب تک پاکستان ٹیم 39 بین الاقوامی ایک روزہ میچز کھیل چکی ہے۔ان میچوں میں پاکستان ٹیم نے 20 جیتے جبکہ 17 ہارے اور 2 میچوں کا نتیجہ نہ نکل سکا۔نیشنل اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کا ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ اسکور 353 انگلینڈ کے خلاف ہے، یہ میچ قومی ٹیم نے 15 دسمبر 2005 کو جیتا تھا۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آخری ون ڈے بھی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہوا تھا، جس میں مہمان ٹیم کامیاب ہوئی تھی۔پاک سری لنکا ون ڈے سیریز 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہے۔