لاہور( آن لائن ) قائداعظم ٹرافی کے سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے میچ میں بلوچستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز اویس ضیا پر نازیبا زبان استعمال کرنے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اویس ضیاءکو ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں کھلاڑی، سپورٹ سٹاف، امپائر یامیچ ریفری کے خلاف نامناسب زبان کے استعمال سے متعلق لیول 2 جرم کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے۔ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے پہلے روز ہونے والے
واقع میں اویس ضیاءکو رن آئؤٹ ہونے کے بعد ڈریسنگ روم کی طرف جاتے ہوئے کریز پر موجود اپنے ساتھی کھلاڑی شہزاد ترین کے لیے نامناسب زبان کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ دن کے اختتا م پر آن فیلڈ امپائرز امتیاز اقبال اور عبدالمقیت نے اویس ضیاءکو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.13 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔میچ کے دوسرے روز اویس ضیاء کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری محمد جاوید ملک کی جانب سے ان پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔