چٹاگانگ(آن لائن)3ملکی ٹی 20 کرکٹ سیریز میں بنگلہ دیش نے افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی، فاتح ٹیم نے 139 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، شکیب الحسن نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔چٹاگانگ میں کھیلے گئے سیریز کے چھٹے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے، حضرت اللہ زازئی نے 47 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، دیگر بلے بازوں میں رحمان اللہ 29 ، شفیق اللہ 23
اور نجیب اللہ زدران 14 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔بنگلہ دیش کی جانب سے عفیف حسین نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف کپتان شکیب الحسن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 19 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، شکیب الحسن نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، مشفق الرحیم نے 26 اور مصدق حسین نے 19 رنز بنائے۔ افغانستان کی طرف سے نوین الحق اور راشد خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شکیب الحسن کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔