اسلام آباد (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اسد شفیق نے کہا ہے کہ مصباح الحق کو ٹیم کا کوچ تعینات کرنا ایک اچھا فیصلہ ہے جس کے بہت مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کھیل کے ایسے موقع پر جب کھلاڑیوں کو کچھ سمجھ نہیں آ رہی ہوتی وہیں مصباح اپنے ٹھنڈے دماغ سے مشکل کا حل نکال لیتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مصباح الحق کافی تجربہ کار ہیں اور ان کی کپتانی میں ہم نے بہت سے میچز جیتے ہیں، میں نے بحیثیت کھلاڑی ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم میں موجود نوجوان کھلاڑیوں کے پاس مصباح الحق سے سیکھنے کے لئے سنہری موقع ہے۔
اسد شفیق نے کہا کہ مصباح الحق نے تقریباً دنیا کے ہر کونے میں کرکٹ کھیل کر خود کو منوایا ہے اور وہ اپنے اس تجربے سے ٹیم کو بہت فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔قائداعظم ٹرافی کے پہلے راؤنڈ میں بلے بازوں کے سلو اسٹرائیک ریٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میچ کے لئے جو لو پچ استعمال ہوئی وہ بہت سلو تھی جس کی وجہ سے بلے باز زیادہ تیزی سے رن اسکور نہیں کر سکے۔فٹنس کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہاکہ دنیا کے تمام بڑی ٹیموں سے مقابلے کے لئے ہم اپنی فٹنس پر بھرپور کام کر رہے ہیں اور مصباح الحق کا بھی یہی ماننا ہے کہ صرف فٹ پلیئر ہی ٹیم کا حصہ بن سکتا ہے۔