لن دن( آن لائن ) بھارتی کرکٹ کے ساتھ فکسنگ کا لفظ جڑتا جارہا ہے،ملکی خواتین ٹیم تک میچ فکسنگ کے لئے کچھ افراد کی رسائی کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف سال کے آغاز میں سیریز کے دوران خواتین ٹیم کی رکن نے اینٹی کرپشن یونٹ کو رپورٹ کی جس پر 2افراد کے خلاف بنگلور پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کرائی جاچکی ہے ،انہوں نے بطور ثبوت 2 میں سے ایک شخص کی ٹیلی فونک گفتگو کی ریکارڈنگ بھی پیش کی ہے جس میں کرکٹر کو میچ فکسنگ اور سپاٹ فکسنگ کے ساتھ سکرپٹ کے مطابق کھیلنے کی بات
کی گئی ہے، بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ماضی میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں فکسنگ اور سپاٹ فکسنگ کے تانے بانے بھارتی شہریوں سے ملتے ہیں ان میں سے 2افراد راکیش بافنا اور جتندرا کوتھاری کا تعلق بھارت سے ہی ہے۔یاد رہے کہ بھارتی تامل ناڈو پریمئر لیگ میں جواری اور مشکوک لوگوں کی کرکٹرز تک رسائی کے بعد بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، کھلاڑیوں نے انکشاف کیا ہے کہ ٹی20 ایونٹ میں بہت سے مشکوک لوگوں نے ان سے ملاقات کی اور قریب آنے کی کوشش کی۔