لاہور( این این آئی) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کی جانب سے قومی اکیڈمی اور قائد اعظم ٹرافی میچوں میں مرغن کھانوں پر پابندی لگادی گئی ۔نجی ٹی وی کے مطابق مصباح کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے روزانہ قذافی اسٹیڈیم آکر قائد اعظم ٹرافی کے میچ دیکھتے ہیں ۔ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے سب سے پہلے قومی اکیڈمی لاہور میں کھانے کا مینیو تبدیل کرادیا ہے۔ اب اکیڈمی میں کھلاڑیوں کومرغن کھانوں کے بجائے کم گھی والے ایسے کھانے
دیئے جارہے ہیں جن سے ڈائٹ کنٹرول کی جاسکے گی۔اسی طرح قائد اعظم ٹرافی میں بھی کھلاڑیوں کو مرغن کھانوں کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔ قائداعظم ٹرافی کے لئے کھلاڑیوں کو کم گھی والے کھانے دیئے جارہے ہیں جن میں دال چاول، بار بی کیو، پاستا وغیرہ شامل ہیں جبکہ پہلی بار وافر مقدار میں فروٹ بھی دیا جارہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو ڈائٹ کنٹرول کی خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہے اور ماضی کے برعکس کھلاڑیوں کو اچھے ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔