لاہور( این این آئی) قومی ٹیم کے نو منتخب ہیڈ کوچ / چیف سلیکٹر مصباح الحق پاکستان کرکٹ بورڈ کے مہنگے ترین کوچز کی فہرست میں شامل ہو گئے۔ذرائع کے مطابق مصباح الحق کو سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر جتنی تنخواہ اور دیگر سہولیات دی جائیں گی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق کوچ کو پی سی بی کی جانب سے ماہانہ 18ہزار امریکی ڈالر ملتے تھے اور یہ رقم موجودہ کرنسی ریٹ کے مطابق 28 لاکھ 26ہزار روپے بنتی ہے۔اس کے علاوہ انہیں دو فرسٹ کلاس ائیرٹکٹس، ٹریول الاوئنس، موبائل اور ہیلتھ الاوئنس بھی ملتا تھا، مصباح الحق کو
بھی یہ تمام سہولیات میسر آسکتی ہیں۔ذرائع کے مطابق سابق ہیڈ کوچ اور موجودہ بائولنگ کوچ وقار یونس کو 15 ہزار ڈالر ماہانہ دئیے جاتے رہے ہیں۔دوسری جانب سابق کپتان یونس خان کو انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ کے لیے 11 لاکھ روپے ماہانہ کی پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں نے معاوضہ کم ہونے کی بنیاد پر کوچنگ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ذرائع کے مطابق مصباح الحق کی پاکستان سپر لیگ فرنچائز کے ساتھ بھی معاملات لگ بھگ طے ہیں ،انہیں پی ایس ایل کے ایک سیزن کے لیے 50 سے 60 ہزار امریکی ڈالر ملنے کا امکان ہے۔