لاہور (این این آئی)نوید اکرم چیمہ ایک بارپھر قومی ٹیم کے مینجر کے عہدے کے لیے فیورٹ امیدوار کے طورپر سامنے آگئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی کی منظوری کے بعد ان کی تقرری کا جلد باقاعدہ اعلان متوقع ہے، ا س عہدے کیلئے دو معروف سابق کرکٹرز نے بھی امیدیں وابستہ کررکھی تھیں۔
تاہم ذرائع کے مطابق نوید اکرم چیمہ اس دوڑ میں سب سے آگے ہیں ، بورڈ کے ساتھ معاملات طے ہونے پر ان کا انتخاب یقینی دکھائی دے رہا ہے۔سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے مینجر، ہیڈ کوچ سمیت دوسرے کوچنگ اسٹاف کے نام کا باقاعدہ اعلان چیئرمین پی سی بی کی جانب سے منظوری ملنے پر ایک سے دو روز میں کسی بھی وقت سامنے آسکتا ہے۔ ایک سال پہلے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کے عہدے سے ریٹائرمنٹ لینے والے نویداکرم چیمہ اس سے پہلے دوبار قومی ٹیم کے ساتھ بطور مینجر ذمہ داریاں نبھانے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ ایک سخت گیر اور ڈسپلن پر مکمل پاسداری کرنے والے مینجر کے طورپر ان کی شہرت ہے۔نوید اکرم چیمہ چیف سیکرٹری پنجاب، چف سیکرٹری اسپورٹس پنجاب کے طورپر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ نوید اکرم چیمہ سری لنکا کے خلاف سیریز سے اپنی ذمہ داریان سنبھال سکتے ہیں، اطلاعات کے مطابق ٹیم کے ڈسپلن کو بہتر بنانے اور کسی ناخوشگوارواقعہ سے بچنے کے لیے پی سی بی حکام کی اکثریت نوید اکرم چیمہ کی تقرری کے حق میں ہے۔