جمیکا (این این آئی)ویسٹ انڈین آل راؤنڈر راہکیم کورن وال ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بھاری بھرکم کھلاڑی بن گئے۔راہکیم کورن وال نے بھارت کے خلاف 30 اگست سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کیا اور انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس ڈیبیو کے ساتھ ہی وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے بھاری بھرکم کھلاڑی بن گئے ہیں جن کا وزن 140 کلو گرام ہے جبکہ ان کا قد بھی 6 فٹ 6 انچ ہے۔راہکیم دائیں سے بلے بازی کرتے ہیں اور اسپن بولر ہیں۔پہلے ٹیسٹ میچ میں راہکیم نے اچھی فیلڈنگ کرتے ہوئے 2 کیچ بھی پکڑے۔راہکیم کورن وال کو بھاری بھرکم ہونے کے باوجود ٹیم میں شامل کیا گیا۔
جس کی وجہ ان کی کارکردگی ہے، اس سے قبل وہ فٹنس مسائل کی وجہ سے ٹیم میں جگہ نہیں بناسکے تھے۔ راہکیم 55 فرسٹ کلاس میچز میں 260 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جس میں وہ 2 بار 10 وکٹیں اور 17 مرتبہ 5، 5 وکٹیں لے چکے ہیں اس کے علاوہ انہوں نے 55 میچز میں ایک سنچری اور 13 نصف سنچریوں کی بدولت 2224 رنز بنائے ہیں۔ راہکیم کورن وال سینٹ لوشیا اسٹارز، ویسٹ انڈیز اے اور ویسٹ انڈیز پریزیڈنٹ الیون کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سلیکشن پینل ہیڈ روبرٹ ہائنیس کے مطابق راہکیم نے مسلسل کارکردگی سے خود کو میچ ونر کھلاڑی ثابت کیا ۔