اسلام آباد(این این آئی ) پاکستانی سابق کرکٹر شعیب اختر نے لارڈز ٹیسٹ کے چوتھے روزانگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر کے رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ باؤنسر کھیل کا حصہ ہے، حریف کو گیند مارنے کے بعد اس کی خیریت معلوم کرنا بھی ضروری ہے۔اپنے بیان میں شعیب اختر نے باؤنسر لگنے اور اسمتھ کے زمین پر گر جانے کے باوجود آرچر کی طرف سے خیریت معلوم نہ کرنے پر تنقید کی۔اپنے وقت کے برق رفتار بولر نے کہا کہ
باؤنسرز کرانا کھیل کا حصہ ہے لیکن اگر گیند کھلاڑی کے سر پر لگے اور وہ گر پڑے تو اخلاقیات کا تقاضہ ہے کہ بولر آگے بڑھ کر بیٹسمین کی خیریت دریافت کرے۔انہوں نے کہاکہ جوفرا آرچر کا اسمتھ کو گیند مارنے کے بعد آگے بڑھ جانا مناسب عمل نہیں تھا کیوں کہ اسمتھ اس وقت تکلیف میں تھے۔شعیب اختر نے کہا کہ جب بھی ان کا باؤنسر کسی بیٹسمین کو لگتا تو وہ سب سے پہلے اس کی خیریت معلوم کرنے کو دوڑتے تھے۔