لاہور( این این آئی )پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ کرکٹر شرجیل خان سے رابطہ کرتے ہوئے انہیں بحالی پروگرام کیلئے آئندہ ہفتے طلب کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق شرجیل خان کی اسپاٹ فکسنگ کیس میں ڈھائی سالہ پابندی 10 اگست کو ختم ہو چکی ہے، وہ لیگل اور انسداد بدعنوانی ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداروں سے ملاقات کرکے بحالی پروگرام کا طریقہ کار طے کریں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ بحالی پروگرام کے دوران بلے باز شرجیل خان کو غلطی کا اعتراف کرنا ہوگا۔شرجیل خان بحالی پروگرام کے تحت نوجوان کرکٹرزکو بدعنوانی سے
دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے اس کے نقصانات سے بھی آگاہ کریں گے۔بتایا گیا ہے کہ ایسا کرنے پر ہی شرجیل دوبارہ کرکٹ کھیلنے کے اہل بن سکتے ہیں۔یاد رہے گزشتہ ہفتے شرجیل خان نے پی سی بی کو کھیل میں واپسی کے لئے بحالی پروگرام فراہم کرنے کے حوالے سے خط بھی لکھا تھا۔واضح رہے پی ایس ایل سیزن ٹو میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے شرجیل خان پشاور زلمی کیخلاف میچ کے دوران سپاٹ فکنسگ کے مرتکب پائے گئے تھے۔بعد ازاں جرم ثابت ہونے پر شرجیل خان کو ڈھائی سال کی سزا سنائی گئی تھی۔