دبئی (آن لائن)آئی سی سی نے زمبابوے کو اگلے سال شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر نکال دیا، کرکٹ بورڈ میں سیاسی مداخلت کے باعث زمبابوے کرکٹ کی پہلے آئی سی سی رکنیت معطل کی گئی تھی، جبکہ اب اسے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کوالی فائنگ ایونٹ سے بھی باہر کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے انتہائی سخت اقدام اٹھاتے ہوئے زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کو اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول 2020 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے سے محروم کردیا ہے۔کرکٹ بورڈ میں سیاسی مداخلت کے باعث زمبابوے کرکٹ کی
رکنیت معطل کرتے ہوئے اس پر بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی گئی تھی، اب آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی شرکت سے محروم رہے گی۔ زمبابوے کو کوالی فائنگ مرحلہ کھیل کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک رسائی حاصل کرنا تھی، تاہم آئی سی سی نے زمبابوے پر کوالی فائنگ مرحلے میں شرکت پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔ 2016 کے بعد 4 سال کے وقفے سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد ہوگا۔