لاہور(این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں سال ڈومیسٹک سیزن میں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کو دو حصوں میں کرانے پر غور کرشروع کر دیا چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے درمیان وقفہ دے کر ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کرایا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی اس سال قائد اعظم ٹرافی کو دو حصوں میں کرائیگا جس کا مقصد سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل پلیئرز کو جانچنا اور پھر ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل ڈرافٹ میں جگہ بنانے کا موقع دینا ہے۔ذرائع کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کا آغاز ستمبر کے دوسرے ہفتے سے ہوگا، ابتدائی چار راؤنڈز کے بعد وقفہ
دیا جائے گا جس کے بعد نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کرایا جائے گا۔نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے بعد ایک بار پھر قائد اعظم ٹرافی کے میچز بحال ہوجائیں گے ،خون ڈے ٹورنامنٹ فرسٹ کلاس سیزن کے بعد کھیلا جائے گا۔ذرائع کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کے چار راؤنڈز پہلے کرانے کا مقصد قومی سلیکٹرز کو طویل فارمیٹ کے کھلاڑیوں کو سری لنکا سے دو ٹیسٹ کی سیریز سے قبل جانچنے کا موقع دینا ہے اور پھر وقفے میں ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ہوگا تاکہ پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کو قومی ٹورنامنٹ میں نمایاں پرفارمنس دینے والے پلیئرز کو بروقت اپنے اسکواڈ میں شامل کرنے کا موقع مل سکے۔