لاہور(آن لائن)پی سی بی ایک بار پھر کسی نیوٹرل مقام پر بھارت کی میزبانی کا خواب دیکھنے لگا۔وسیم خان نے کہاکہ ہم بھارت کیخلاف پاکستان یا کسی بھی نیوٹرل مقام پر کھیلنے کو تیار ہیں، بی سی سی آئی کی سپورٹ بھی ہمیں حاصل ہے، تمام نظریں بھارتی حکومت پر ہیں کہ وہ اپنی ٹیم کو کھیلنے کی کب اجازت دیتی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم بی سی سی آئی حکام کیساتھ رابطے میں ہیں، پاکستانی ویمنز ٹیم کو بھی اکتوبر،نومبر میں بھارت میں سیریز کھیلنا ہے، اس بارے میں بھی بھارتی حکومت نے کوئی
فیصلہ نہیں کیا، امید ہے کہ جلد کوئی پیش رفت ہوگی۔ ایم سی سی کی کمیٹی بھی دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کی بحالی کیلیے کوشاں ہے۔ایک سوال پر وسیم خان نے کہا کہ بھارت کیخلاف سیریز سے بہت مالی فائدہ ہوتا ہے لیکن اگر ان کیساتھ میچز نہیں ہوئے توپھر بھی ہم اپنے وسائل پیداکرنے کی پلاننگ کررہے ہیں، روایتی حریف کیساتھ 5 سال بھی سیریز نہ ہوتو خسارے میں نہیں جائیں گے، ماضی میں بورڈ کو کمائوپوت بنانے میں زیادہ سنجیدگی نہیں اپنائی گئی، ہم اب اس پر توجہ دے رہے ہیں۔