اسلام آباد (این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے محمد عامر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر مایوسی کا اظہارکیا ہے۔ شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے لگ رہا ہے محمد عامرکے بعد شاید حسن علی، وہاب ریاض اور جنید خان بھی ریٹائرمنٹ دے دیں۔شعیب اختر نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 27سالہ محمد عامر ریٹائر کیسے ہوسکتا ہے؟ پاکستان نے اْن پر اتنی انوسٹمنٹ کی ہے، انہیں میچ فکسنگ سے نکال کر واپس لائے ہیں ۔
اور کھلانے کی کوشش کر رہے، وہ اچھی فارم میں واپس آئے ہیں تو ریٹائرمنٹ دے رہے ہیں، یہ پاکستان کو پے بیک کرنے کا وقت تھا اور آپ کو چاہئے تھا ملک کو ٹیسٹ سیریز جتواتے۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ یہ سب ٹی20 کے بولر بننا چاہتے ہیں، انہیں ون ڈے کھیلتے ہوئے بھی خوف آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر میرے جیسا کوئی کرکٹ بورڈ میں آگیا تو یقین جانیں ٹی 20 کیا اِنہیں پاکستان میں کسی حصے سے بھی نہ کھیلنے دوں، آپ پیسہ بنائیں تاہم پاکستان پہلے ہے، اْسے آپ کی ضرورت ہے۔