لاہور( آن لائن)آئر لینڈ کو گزشتہ روز انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد پاکستانی ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ کی 142تاریخ کا وہ اعزاز اپنے نام کرلیا ہے جو کسی اور ٹیم کے پاس نہیں ہے۔ پاکستان اب ٹیسٹ کرکٹ کی واحد ٹیم ہے جو کبھی بھی ایک سیشن کے دوران آل آؤٹ نہیں ہوئی ہے۔
گزشتہ روز واحد ٹیسٹ میں انگلش پیسرز کیخلاف آئرش بیٹنگ لائن موم کی طرح پگھل گئی جس کی دوسری اننگز 182 کے معمولی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے محض 38 رنز پر تمام ہو گئی،کرس ووکس اور سٹورٹ براڈ کی فتح گر بالنگ نے تیسرے روز 143 رنز سے کامیابی کا سامان کرتے ہوئے حریفوں کی پہلی ٹیسٹ فتح کے خواب چکنا چور کردیئے تاہم مرد میدان کا ایوارڈ جیک لیچ لے اڑے۔لارڈز پر واحد ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز نو وکٹوں پر 303 رنز کے ساتھ دوبارہ شروع کی لیکن سٹورٹ تھامپسن نے پہلی بال پر اولی سٹون کو برطرف کر کے اپنی وکٹوں کی تعداد تین تک پہنچا دی جبکہ اس سے قبل مارک اڈیر تین اور بوائیڈ رینکن دو وکٹیں لے چکے تھے۔آئرلینڈ نے 182 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ابتدائی نقصانات کے باوجود دسویں اوور میں سکور تین وکٹوں پر 24 رنز تھا لیکن اننگز میں دوہرے عدد تک رسائی پانے والے جیمز میکولم گیارہ رنز بنا کر میدان سے باہر گئے تو یکے بعد دیگرے وکٹیں گنوانے والی آئرش ٹیم 16ویں اوور میں ایک سیشن کے دوران محض 38 رنز پر دم توڑ گئی۔کرس ووکس نے چھ اورسٹورٹ براڈ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔آئرلینڈ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ساتواں کمتر مجموعہ حاصل کیا جو 64 برس میں سب سے کمترین ٹوٹل جبکہ 94 بالز پر مشتمل مشترکہ دوسری مختصر ترین اننگزکا نیا ریکارڈ بھی ثابت ہوا۔ایک صدی کے عرصے میں یہ دوسرا موقع تھا کہ کوئی ٹیم پہلی اننگز میں 100 سے کم سکور پر ڈھیر ہو کر بھی ٹیسٹ جیتنے میں کامیاب رہی۔