سڈنی( آن لائن )آسٹریلیا کے سابق کپتان این چیپل نے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کردی ہے تاہم ایشز کے دوران وہ بطور کمنٹیٹر خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔برطانوی میڈیا کے مطابق 75 سالہ این چیپل کا کہنا ہے کہ اس عمر میں انسان ویسے ہی بہت کمزور ہو جاتا ہے تاہم مجھے ایسا لگتا ہے کہ میرا جسم جلد کے کینسر کا عادی ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس موذی مرض سے نجات حاصل کرنے کے لئے بہت علاج کروایا اور ہر وہ طریقہ اپنایا ہے جس سے کینسر چھٹکارا حاصل کر سکوں۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے اب
ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ میری زندگی کا وقت تھمنے لگا ہے، مگر میں نے اپنی والدہ کو موت سے لڑتے ہوئے دیکھا ہے اور اب مجھے بھی اس سے لڑنا ہے۔سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ جب رچی بینوا(سابق آسٹریلین کھلاڑی، کمنٹیٹر) اور ٹونی گریگ(سابق انگلش کھلاڑی، کمنٹیٹر) دنیا سے رخصت ہوئے تو یہ پیغام دے گئے کہ سب نے اس دنیا سے جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بیماری سے متعلق میں شروع میں کسی سے بھی ذکر نہیں کیا، مجھے ریڈیو تھیراپی سے متعلق کچھ ابہام تھے مگر یہ اتنی بری بھی نہیں ہے۔