اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف فتح پر نیوزی لینڈ کو پاکستان کی نئی محبت قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ 2019کے سیمی فائنل میں بھارت کو 18رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفالی کرلیا۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ پاکستان کی نئی محبت، نیوزی لینڈ۔واضح رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 18 رنز سے شکست دے دی ہے،
نیوزی لینڈ نے گزشتہ روز ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا لیکن نیوزی لینڈ کی اننگ ابھی 46.1 اوور تک پہنچی تھی کہ بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا، دوسرے دن میچ وہیں سے شروع کیا گیا، نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 211 رنز بنائے تھے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے، کیویز بلے بازوں میں اوپنر مارٹن گپٹل ایک، ہنری نکلس 28، جیمز نیشم 12 اور گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان کین ولیم سن نے 67 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے بھی شامل تھے۔ نیوزی لینڈ نے بارش سے قبل 46.1 اوورز میں کین ولیمن سن اور راس ٹیلر کی نصف سنچریوں کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے۔ جمعرات کے دن جب میچ شروع ہوا تو راس ٹیلر 74 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ بھارت کی طرف سے بھونیشور کمار نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جسپریت بمرا، ہاردک پانڈیا، رویندرا جیجا اور یوزویندرا چہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 239رنز بنائے اور اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے اس طرح انڈیا کو 240 رنز کا ہدف ملا، بھارت کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا، راہول، روہت شرما، ویرات کوہلی صرف ایک ایک رنز بنا سکے، پنٹ اور پانڈیا نے صرف 32، 32 رنز سکور کیے،
دھونی پچاس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جدیجا نے شاندار کھیل پیش کیا اور وہ 77 رنز پرآؤٹ ہو گئے، اس کے علاوہ ان کا کوئی بھی کھلاڑی نمایاں سکور نہ کر سکا، انڈیا کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اس طرح نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل 18 رنز سے جیت کر بھارتی سورماؤں کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ واضح رہے کہ بھارت نے انگلینڈ کے خلاف سلو کھیل کر پاکستان کو باہر کرنے میں اپنا کردار ادا کیا تھا لیکن آج وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔