لندن( آن لائن )کرکٹ ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈین خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکی اور صرف دو میچ جیتنے میں کامیاب رہی لیکن اپنی جارح مزاجی کے لیے مشہور ویسٹ انڈین بلے بازوں نے عالمی کپ میں سب سے لمبے چھکے لگانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ورلڈ کپ کے دوران تمام 10 ٹیموں کے بلے بازوں نے اپنی اپنی بیٹنگ کے جوہر دکھائے لیکن جارح مزاجی اور لمبے چھکے
لگانے میں کوئی بھی ٹیم ویسٹ انڈین کا مقابلہ نہ کر سکی۔ورلڈکپ میں اب تک لگائے گئے 5 بڑے چھکوں کی بات کی جائے تو پہلے پانچ میں سے چار بڑے چھکے ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے لگائے۔اس فہرست میں پانچویں نمبر پر کرس گیل موجود ہیں جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 98میٹر کا چھکا لگایا تھا جبکہ چوتھے نمبر پر موجود محموداللہ ریاض نے بھی آسٹریلین بالر پیٹ کمنز کے خلاف 98میٹر کا ہی چھکا لگایا۔ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل تیسرے نمبر پر موجود ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 103 میٹر طویل چھکا لگایا جبکہ شیمرون ہٹمائر کی جانب سے بنگلہ دیش کے خلاف مارا گیا چھکا 104میٹر طویل تھا۔ورلڈ کپ میں اب تک سب سے لمبا چھکا لگانے کا ریکارڈ ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر کے پاس ہے جنہوں نے اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب کو 105میٹر طویل چھکا رسید کیا اور ایونٹ میں سب طویل چھکا لگانے کا اعزاز حاصل کیا۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی واجبی رہی اور وہ میچوں میں سے صرف پاکستان اور افغانستان ہی فتح حاصل کر سکے۔