اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے رواں ماہ منعقد ہونیوالی ایشین گیمز میں شرکت کیلئے قومی باکسنگ ٹیم کا اعلان کر دیا، ایشین گیمز میں پہلی بار دو خواتین باکسر پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل ناصر ٹنگ کے مطابق انڈونیشیا میں کھیلی جانیوالی ایشین گیمز کے باکسنگ ایونٹ میں 6مرد اور 2خواتین باکسرز شامل ہیں جبکہ ٹیم کااعلان ٹرائلز کے بعد ٹیم کا اعلان کیا گیا، ناصر ٹنگ نے بتایا کہ ایشین گیمز میں خواتین باکسرز پہلی بار ایکشن میں دکھائی دیں گی ۔
جن میں رضیہ بانو 51کلوگرام اور رخسانہ پروین 60کلو گرام کیٹگری میں پاکستان کی نمائندگی کرئے گی جبکہ مینز ٹیم میں محب اللہ 49کلوگرام, محمد آصف52کلوگرام, نقیب اللہ 56کلو گرام،سلمان بلوچ 64کلوگرام, گل زیب 69کلوگرام اور تنویر احمد 75کلوگرام کیٹگری میں فائٹ کرینگے۔ کرنل ناصر ٹنگ کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں شرکت کیلئے باکسرز 21اگست کو انڈونیشیا روانہ ہونگے، گیمز کے ڈراز 23اگست کو نکالے جائینگے۔ انہوں نے کہاکہ ایشین گیمز کی تیاری کیلئے کم وقت کے باوجود بھر پور تیاری کی ہے ۔