ہرارے (مانیٹرنگ ڈیسک)زمبابوین ٹیم کو سہ فریقی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ کی بناء پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا، کپتان ہملٹن مسکڈزا 20 اور دیگر کھلاڑی 10، 10 فیصد میچ فیس سے محروم ہو گئے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بدھ کو سہ فریقی سیریز میں پاکستان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں میزبان زمبابوین ٹیم نے مقررہ وقت
سے ایک اوور شارٹ کیا جس کی وجہ سے پوری ٹیم پر جرمانہ عائد کر دیا گیا، کپتان مسکڈزا پر میچ فیس کا 20 فیصد جبکہ دیگر کھلاڑیوں پر 10، 10 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ اگر مسکڈزا کی زیر قیادت زمبابوین ٹیم نے 12 ماہ کے دوران دوبارہ سلو اوور ریٹ کیا تو مسکڈزا کو معطلی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ اس میچ میں زمبابوے کو پاکستان کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔