اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان سپر لیگ کے بخارنے شائقین کرکٹ اور فنکاروں کے بعد سیاسی رہنماؤں کو بھی لپیٹ میں لے لیا ، شیخ رشید پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے لئے لاہور روانہ ، وزیر ریلوے نے شیخ رشید زندہ دل قرار دے دیا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پی ایس ایل فائنل دیکھنے کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کو لائن و لینتھ بہتر کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل
فائنل کا میلہ (آج) لاہور میں سجے گا ۔ کرکٹ بخار نے شائقین کرکٹ اور فنکاروں کے بعد سیاسی رہنماؤں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔پی ایس فائنل حریف سیاسی رہنماؤں کو بھی قریب لے آیا ہے ۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ہفتہ کی شام پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے لئے لاہور روانہ ہوئے تو وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے انہیں زندہ دل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کو بھی پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے کے لئے آنا چاہیے تھا ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ لاہور میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے ۔ تاہم عمران خان کی لائن درست نہیں انہیں اپنی لائن و لینتھ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ سینیٹر سلیم ضیاء نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے موقع پر تمام سیاسی رہنماؤں کو آپس کے اختلافات بھلا کر دشمن کو اتحاد کا پیغام دینا چاہیے ۔