لاہور(آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی جس میں پاکستان سپر لیگ کیلئے سکیورٹی انتظامات اور پنجاب میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائیوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں دونوں شخصیات کی طرف سے پی ایس ایل کے لئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پی ایس ایل فائنل
کے موقع پر سکیورٹی انتظامات میں تعاون اور ہیلی کاپٹرز فراہم کرنے پر وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی پر سمجھوتہ کئے بغیر شہریوں کے معمولات میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، سکیورٹی انتظامات کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھاکہ 60ہزار اہلکاروں کی تعیناتی کا بیان حقائق کے منافی ہے ، میگا ایونٹ کی سکیورٹی انتظامات پر سیاست چمکائی جارہی ہے،میگا ایونٹ کے لئے دس ہزار کے قریب سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں اور لاہور جیسے شہر میں میگا ایونٹ کے انعقاد کے لئے دس ہزار اہلکار کی تعیناتی زیادہ نہیں۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے لاہور میں واقع کلینک پرجا کر اپنی آنکھوں کا معائنہ بھی کرایا ۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں چوہدری نثار علی خان کا لاہور میں آنکھوں کا آپریشن کیا گیا تھا۔