دبئی ( آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی عمر گل بازو میں انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے خلاف میچ میں وہاب ریاض کی ایک گیند عمر گل کے بازو پر جا لگی جس کے باعث ان کی ہڈی میں فریکچر ہوا۔ ایکسرے رپورٹ میں فریکچر کی تصدیق ہو گئی ہے.
ڈاکٹروں کے مطابق وہ کم از کم ایک ہفتے سے پہلے کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے، جس کا مطلب ہے کہ وہ پی ایس ایل سے باہر ہو گئے ہیں۔عمر گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایکسرے رپورٹ جاری کرتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ ’’ میچ کے دوران میرے بازو کی ہڈی ٹوٹ گئی، برائے مہربانی میری جلد صحت یابی اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کامیابی کیلئے دعا کریں۔ ’’عمر گل کی جانب سے ایکسرے رپورٹ شیئر کرنے پر وہاب ریاض بھی میدان میں آ گئے اور اپنے پیغام میں کہا کہ ’’ عمر گل کے بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا۔ بھائی! تمہارے بہت جلد صحت یاب ہونے کی خواہش ہے، تم ایک فائٹر ہو اور انشاء� اللہ بہت جلد اس سے نکل جائو گے، تم جانتے ہو کہ یہ دانستہ نہیں تھا۔