کراچی(این این آئی) میئر کراچی وسیم اختر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل کراچی میں منعقد کروانے کی پیشکش کردی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو پیشکش کی اگر وہ بہتر سمجھتے ہیں تو پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کروائیں۔وسیم اختر کا کہنا تھا، ‘میں بحیثیت میئر، کراچی اسٹیڈیم انھیں آفر کرتا ہوں۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ وہ اس
سلسلے میں سارے انتظامی اور سیکیورٹی معاملات کی ذمہ داری لینے کو بھی تیار ہیں۔یاد رہے کہ پیایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور میں کروانے کا اعلان کیا تھا تاہم 13 فروری کو لاہور کے مال روڈ پر خودکش حملے کے نتیجے میں سینئر پولیس افسران سمیت 13 افراد کی ہلاکت کے بعد یہاں فائنل کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔جس کے بعد پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے عوام سے رائے مانگی کہ اگر غیر ملکی کھلاڑی فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آنے سے منع کرتے ہیں تو ایسی صورت حال میں کیا ان کے بغیر اپنے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ فائنل کھیلا جائے یا پھر دبئی میں ہی اس کا انعقاد کیا جائے۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ‘پی ایس ایل عوام کا اثاثہ ہے اور یہ ہمارا، پی سی بی، پی ایس ایل کی ٹیموں، حکومت، کھلاڑیوں اور سب سے بڑھ کرعوام کا عزم تھا کہ فائنل لاہور میں ہو۔انھوں نے کہا کہ ‘یہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی کھڑکی تھی جس کے بعد غیرملکیوں نے آنا تھا، ہم نے کئی لوگوں کو منایا تھا لیکن اب صورت حال یہ ہے کہ لوگوں کے ذہنوں میں ایک شک کی لہر ہوگی۔