اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان سپر لیگ کے حکام نے اپنی مرضی سے دونوں کھلاڑیوں کو فوری طور پر معطل کرنے کے بعد گھر نہیں بھیجا۔پی ایس ایل میں بکیز سے روابط اور اسپاٹ فکسنگ الزامات کے تحت شرجیل خان اور خالد لطیف کو ایونٹ سے باہر کیا گیا مگر اب جو رپورٹس سامنے آرہی ہیں ان سے ظاہر ہورہا ہے کہ حکام کی جانب سے ان دونوں کھلاڑیوں کو مجبوراً ایونٹ سے معطل کرنا پڑا ہے۔
رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ نے ان کھلاڑیوں کی مشکوک سرگرمیوں کو نوٹ کیا اور ان کے کہنے پر ہی پاکستان بورڈ کو ایونٹ کے آغاز پر ہی اتنا سخت فیصلہ کرنا پڑا۔خود پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اس بات کا اعتراف کیا ہے، ایک قومی اخبار میں ان کے حوالے سے کہا گیا کہ ’’’ سٹے بازوں کے انٹرنیشنل نیٹ ورک کے خلاف کارروائی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ایکشن میں آیا‘‘۔