لاہور(آئی این پی)پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) ٹرافی کیتقریب رونمائی 6فروری کو دبئی میں ہوگی، تقریب میں پانچوں ٹیموں کے کپتان شریک ہونگے اور میڈیا کے سوالات کے جواب بھی دیے جائیں گے، پاکستانی امیدوں اور جوش وجذبے کی ترجمانی کرنے والی ٹرافی کی تیاری میں 50 ہزار کرسٹلز استعمال کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا آغاز9 فروری کو ہوگا،کامیاب انعقاد کیلیے تیاریاں عروج پر ہیں،ٹرافی کی رونمائی 6 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی، اس حوالے سے تقریب میں پانچوں ٹیموں کے کپتان اور پی ایس ایل گورننگ کونسل کے سربراہ نجم سیٹھی موجود ہونگے،بعد ازاں وہ پریس کانفرنس میں ٹورنامنٹ کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرینگے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ ٹرافی میں50 ہزار کرسٹلز استعمال کیے گئے ہیں، ٹاپ پر ایک شوٹنگ اسٹار نمایاں ہے، ڈیزائن کا فیصلہ کیے جانے سے تیاری تک4ماہ صرف کیے گئے،اسے اسپرٹ ٹرافی کا نام دیاگیا اور یہ قوم کی حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرتی ہے۔کائنات کے پس منظر سے روشنی حاصل کرنے کے ساتھ مرکز میں ستاروں کی کہکشاں اور ایک ستارا سنہری چاند کی ایک طرف سے ابھرتا دکھائی دیتا ہے،ان سب چیزوں کو ملاکریہ ظاہر کرنے کی کوشش ہوئی کہ سپر لیگ پاکستانی امیدوں اور جوش وجذبے کو یکجاکرتے ہوئے دنیا بھر کے ممتاز کرکٹرز کو صلاحیتوں کا اظہار کرنے کیلیے ایک پلیٹ فارم مہیا کررہی ہے۔ اس کے ساتھ نئے ٹیلنٹ کو بھی اجاگر کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونے کی صورت میں ٹرافی قذافی اسٹیڈیم میں بھی جلوہ گر ہوگی۔