لاہور(آئی این پی)دوسری پاکستان سپرلیگ کا فائنل لاہور میں ہونے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، جس کا گزشتہ ماہ پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی اعلان کرچکے ہیں تاہم اس حوالے سے غیرملکی کھلاڑیوں کے راضی ہونے کے بارے میں خدشات موجودہیں۔باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیاہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے لئے غیر ملکی کھلاڑیوں نے معاہدوں پر دستخط کر دئیے ہیں جس کے مطابق غیر ملکی کھلاڑیوں کی اکثریت فائنل کھیلنے کے لئے لاہور آنے کو تیارہے ۔پی ایس ایل فائنل سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کی یقین دہانی کر ادی ۔کہاجارہاہے کہ پی ایس ایل فائنل کے لئے لاہور آنے والے کھلاڑیوں کو اضافی معاوضہ دیا جائے گا ۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ پاکستان میں پی ایس ایل کافائنل کھیلنے کیلئے برینڈن میکولم،ڈیرن براوو،کیمرون ڈیلپورٹ ،ڈیرن سمی ،این مورگن،کرس جارڈن،ایلکس ہیلز،سنگاکارا،جے وردھنے،آندرے رسل،سیموئیل بدری لاہور میں کھیلنے پر راضی ہیں ۔پروگرام کے مطابق غیر ملکی کھلاڑی 4اور 5 مارچ کی درمیانی شب لاہور پہنچیں گے جہاں وہ نیشنل کر کٹ اکیڈمی میں قیام کریں گے ۔پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کر ائی گئی ہے ۔