کراچی(این این آئی) شاہد سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں،جاوید میانداد نے شاہد آفریدی کو معاف کر دیا ہے۔اس حوالے سے لیجنڈ جاوید میاندادنے کہاکہ شاہد آفریدی میرے ہاتھوں ہی پروان چڑھاہے۔شاہد آفریدی کی باتوں سے دل بہت دکھاہے، لیکن کرکٹ کی بہتری کیلئے بڑے ہونے کے ناطے ان کو معاف کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ معاف کرنے کا فیصلہ کرکٹ کی بہتری کیلئے کیا کیوں کہ ایسی الزام تراشی اور باتوں سے کرکٹ بدنام ہوتی ہے۔دوسری جانب شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ جاوید میانداد نے انہیں معاف کردیا ہے جس پر وہ ان کا شکر گزار ہیں لیکن اگر انہوں نے الزام واپس نہ لیا تو عدالت جائیں گے۔اپنے ٹوئیٹرپیغام میں شاہدآفریدی نے کہاکہ ان کے دل میں جاوید میانداد کی بہت عزت ہے، وہ ہمارے ہیرو، لیجنڈ اور ان کے استاد بھی ہیں، ان کے دل میں جاوید میانداد کی عزت کبھی کم نہیں ہو گی، جاوید میانداد نے انہیں معاف کردیا ہے جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔بوم بوم آفریدی نے کہا کہ اپنے ملک کے لئے کھیلنا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے وہ کبھی اپنے ملک کو نہیں بیچ سکتے، وہ جاوید بھائی کو اپنا بڑا سمجھتے ہیں، امید ہے وہ اپنے الفاظ واپس لے لیں گے۔ ان کے الزامات سے انہیں، ان کے گھر والوں اور پرستاروں کو تکلیف پہنچی ہے اوراگر انہوں نے اپنے الفاظ واپس نہ لیے تو وہ خود کو کلئیر کرانے کے لیے عدالت جائیں گے۔دوسری جانب معاملے کے حل میں وسیم اکرم نے اہم کردار ادا کیا اوراس سلسلے میں ٹوئٹر پرانہوں نے کہاکہ جاوید میانداد اور شاہد آفریدی دونوں پاکستان کے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ وسیم اکرم نے کہا تھاکہ دونوں پاکستان کے کپتان رہے ہیں ،ایک میرا استاد ہے اور دوسرا میرا شاگرد ،چاہتا ہوں کے دونوں کے درمیان معاملہ خوش اسلوبی سے طے ہو جائے ۔