کراچی(نیوزڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو مشروط طور پر فیورٹ قرار دیا ہے۔انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستانی ٹیم دنیا میں ٹی ٹوئنٹی کی بہترین ٹیم ہے لیکن فتح کیلئے ضروری ہے کہ ٹیم کا ہر ایک رکن بحیثیت یونٹ اپنا کردار ادا کرے۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔اپنے دور کے مایہ ناز بلے باز نے کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ اور باؤلنگ کے تجربے اور قابلیت پر نظر دوڑائی جائے تو انہیں میزبان کیویز پر برتری حاصل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم بری ہے لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ساتویں نمبر تک تنزلی ہوئی۔