لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق انجری کا شکار ہو کر کم از کم دو ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے۔مصباح الحق قومی ون ڈے کپ میں سوئی ناردرن گیس پاکستان لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی نمائندگی کررہے تھے کہ پنڈلی کی تکلیف کا شکار ہوگئے۔پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کی قیادت میں ایس این جی پی ایل نے حال ہی میں قائداعظم ٹرافی جیتا تھا۔ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مصباح نے قومی ون ڈے کپ سے باہر ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انجری کے باعث باہر ہوگئے ہیں اور امید کا اظہار کیا کہ آئندہ دو ہفتوں میں صحت یاب ہوجائیں گے۔مصباح الحق قومی ون ڈے کپ کے 4 فروری سے شروع ہونے والے ملک کے پہلی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے ، ان کی انجری طویل ہونے کی صورت میں لیگ میں شرکت مشکوک ہو گی۔ڈاکٹروں کی جانب سے کم ازکم دو ہفتوں کے آرام کے مشورے کے بعد مصباح الحق گھر واپس پہنچ گئے ہیں اور وہ قومی ون ڈے کپ میں پشاور کے خلاف ہونے والے میچ میں اپنے ادارے کی ٹیم کی قیادت نہیں کر پائیں گے۔قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز کے لیے رواں سال جولائی میں انگلینڈ جائے گی جس کی قیادت مصباح الحق کریں گے تاہم اس سے قبل مصباح پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے.
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں