کرائسٹ چرچ (نیوزڈیسک) سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا پوری کرنے والے فاسٹ باﺅلر محمد عامر کی حمایت میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان برینڈن میکولم بھی میدان میں آگئے‘ نیوزی لینڈ ٹیم کے قائد برینڈن میکولم نے کہا ہے کہ محمد عامر کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران پاکستانی ٹیم میں شامل کیا جانا چاہئے۔ فاسٹ باﺅلر نے اپنے کئے کی سزا پوری کرلی ٹیم میں واپسی اس کا حق ہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو زی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان برینڈن میکولم اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نے فاسٹ باﺅلر محمد عامر کی پاکستانی ٹیم میں شمولیت کی حمایت کردی۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ گرین شرٹس کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران باصلاحیت فاسٹ باﺅلر محمد عامر کو شامل کیا جانا چاہئے اور محمد عامر کو شک کا فائدہ دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامر بہت ہی باصلاحیت باﺅلر ہیں اور وہ پاکستانی ٹیم میں واپسی کے مستحق ہیں انہوں نے اپنی سزا پوری کرلی ہے۔