لاہور(نیوزڈیسک) پی سی بی کی کار کردگی نہیں بلکہ “حسن کارکردگی” سب کے سامنے آنے لگی ہے، یونس خان کی ون ڈے سے ریٹائرمنٹ نے پول کھول دیئے، چیئرمین شہریار خان نے ٹیم منیجمنٹ میں اختلافات کی تصدیق کرتے ہوئے سچ بول دیا۔ بولے، اختلافات تو ہوتے رہتے ہیں لیکن یونس خان کی اچانک ریٹائرمنٹ سے مایوسی ہوئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے کرتا دھرتا کی یہ بات سوالات کو جنم دینے لگی ہے۔ اس بات پر یقین ہونے لگا ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ ساری دال ہی کالی ہے۔ گذشتہ روز سابق کرکٹرز نے بھی یونس خان کی ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کو “آؤٹ آف آرڈر” ہی قرار دیا تھا۔تاہم، ون ڈے کرکٹ سے یونس خان خود باہر ہو گئے ہیں یا انہیں مجبوراً میدان چھوڑنا پڑا ہے اس بات کا فیصلہ وقت ہی کرے گا۔