ڈھاکہ (نیوز ڈیسک ) بنگلہ دیشی وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم کی زمبابوے کے خلاف سنچری کے ساتھ ہی ایک روزہ کرکٹ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔مشفیق نے زمبابوے کے خلاف میچ میں سنچری اسکور کر کے اپنی ٹیم کو زمبابوے کے خلاف 145 رنز کی شاندار فتح سے ہمکنار کرایا تاہم اس کے ساتھ وہ ایک عالمی ریکارڈ کا حصہ بن گیا۔مشفیق کی سنچری رواں سال ایک روزہ کرکٹ میں اسکور کی گئی 100ویں سنچری تھی اور یہ پہلا موقع ہے کہ کسی کیلنڈر ایئر میں100 سنچریاں اسکور ہوئی ہیں۔اس سے قبل ایک سال میں سب سے زیادہ سنچریاں 2014 میں اسکور ہوئیں جب بلے بازوں نے 79 بار تین ہندسوں کی اننگ کھیلی تاہم یہ ریکارڈ رواں سال کے بیچ میں ہی اس وقت ٹوٹ گیا تھا جب کشال سلوا نے پاکستان کے خلاف سنچری جڑی تھی تاہم مشفیق نے سنچری اسکور کر کے پہلی مرتبہ سنچریوں کی سنچریاں مکمل کرا دی جبکہ ویسٹ انڈیز کے مارلن سیمیولز نے بھی سری لنکا کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی جس کے ساتھ ہی اس سال اسکور ہونے والی سنچریوں کی تعداد101 ہو گئی ہے۔ابھی اس سال زمبابوے اور بنگلہ دیش کے علاوہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی جس سے ممکنہ طور پر اس سال اسکور ہونے والی سنچریوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔