لاہور(آن لائن) پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے پانچ نومبر کی ڈیڈلائن گزر جانے کے باوجود پی سی بی، بی سی سی آئی کے حواب کا منتظر ہے،شہریار خان کہتے ہیں وہ مزید انتظار کرنے کو تیار ہیں،جواب جو بھی آئے،وہ پوری سیریز کھیلنے کیموقف پر ڈٹے رہیں گے۔رواں برس دسمبر میں یو اے ای میں پاک بھارت سیریز شیڈول ہے مگر بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے اس سیریز کا انعقاد خطرے میں ہے۔پی سی بی کے دباؤ بڑھانے پر بی سی سی آئی نے اپنی حکومت سے سیریز کے حوالے سے اجازت کے لئے رابطہ کررکھا ہے مگر انہیں تاحال جواب نہیں ملا اور نہ ہی انہوں نے پی سی بی کو جواب بارے آگاہ کیا ہے۔شہریار خان کہتے ہیں بلاشہ پانچ نومبر کی ڈیڈ لائن گذر چکی ہے مگر وہ مزید چار پانچ روز جواب کا انتظار کریں گے۔شہریار خان کا کہنا ہے کہ جواب جو بھی آئے وہ ایم او یو کے تحت پوری سیریز کھیلنے کے موقف پر قائم رہیں گے۔پاک بھارت سیریز دونوں ملکوں میں حالیہ کشیدگی کی بھینٹ چڑھ جائے گی یا کوئی مثبت پیش رفت ہوگی اس کا پتہ بی سی سی آئی کے پی سی بی کو جواب دینے پر ہی چلے گا۔