اسلام آبا:(نیوزڈیسک) وفاقی حکومت نے چیرمین پی سی بی شہریار خان کے بلا اجازت بھارت جانے کا نوٹس لیتے ہوئے پی سی بی سے رپورٹ طلب کرلی۔ایکسپریس نیوز کےمطابق وفاقی حکومت نے چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان کے بلا اجازت بھارت جانے کا نوٹس لیتے ہوئے پی سی بی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کو خط لکھا گیا ہے جس میں پی سی بی سے شہریار خان کے دورے کے دوران پیش آئے ناخوشگوار واقعات اور ان کے حکومت کی اجازت کے بغیر بھارت جانے سے متعلق رپورٹ طلب کی گئی ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہےکہ پی سی بی بھارت سے کسی بھی قسم کے معاملات حکومت کے علم میں لائے بغیر طے نہ کرے اور بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی کسی رابطے کی صورت میں پہلے حکومت کو آگاہ کیا جائے جب کہ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ کا کہنا ہےکہ پی سی بی کو بین الاقوامی مذاکرات کے بارے میں احتیاط کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ چیرمین پی سی بی شہر یار خان پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے گزشتہ ماہ بھارت گئے تھے جہاں 19 اکتوبر کو بی سی سی آئی حکام سے ملاقات کے موقع پر شیوسینا کے غنڈوں نے وہاں گھس کر انہیں دھمکیاں دیں اور بھارت چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا۔