ممبئی (آن لائن ) جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ نے 6000 ایک روزہ رنز مکمل کرلیے ہیں، وہ یہ سنگ میل عبور کرنیوالے تیز ترین بلے با ز وں مےں شامل ہو گئے ہیں۔ہندوستان کے خلاف سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں انہوں نے یہ سنگ میل عبور کیا۔جنوبی افریقہ نے اس میچ میں ہندوستان کو پہاڑ جیسا 439 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پوری ہندوستانی ٹیم 224 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے تین بلے بازوں نے سنچریاں اسکور کیں تاہم آملہ ان میں شامل نہیں تھے، وہ صرف 23 رنز ہی بناسکے لیکن یہ رنز انہیں اس سنگ میل کو عبور کروانے کے لیے کافی تھے۔انہوں نے یہ ریکارڈ 123 میچوں میں بنایا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ہندوستانی بلے باز ویرات کوہلی کے پاس تھا۔ہاشم آملہ تیز ترین 2000، 3000، 4000 اور 5000 رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے پاس رکھتے ہیں۔اس کے علاوہ 7000 اور 8000 تیز ترین بنانے کا ریکارڈ اے بی ڈیویلیئز، 9000 سارو گنگولی جبکہ 10000 سچن ٹنڈولکر کے پاس موجود ہے۔