کراچی(نیوزڈیسک) سری لنکا کا دورہ کرنے والی پاکستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو دورے کے آغاز میں اس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔جب پالے کیلے میں دورے کے آغاز میں پاکستانی ٹیم کے آفیشلز اور کھلاڑیوں کے کمروں سے غیر ملکی کرنسی چوری ہوگئی ۔ پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹرز اور آفیشلز کے کمروں کے لاکرز سے ڈیلی الائونس کے لئے ملنے والے ڈالرز چوری ہوگئے جس کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں اور انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی ۔ ذرائع کا کہنا ہے اس ہوٹل میں عام طور پر غیر ملکی ٹیمیں بھی ٹھہرتی ہیں تاہم ڈالرز چوری ہونے کی اطلاع ٹیم کے منیجر ذاکر خان نے مقامی پولیس اور کرکٹ سری لنکا کو دی ۔ مقامی بورڈ نے تحقیقات کے بعد ہوٹل انتظامیہ کو ذمے دار ٹھہرایا جس کے بعد ہوٹل انتظامیہ نے مزید بدنامی اور بلیک لسٹنگ سے بچنے کے لئے پاکستانی ٹیم کو غیر ملکی کرنسی کے مساوی سری لنکا روپے میں ادا کردی تاہم اس واقعے کے بعد کھلاڑیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق کرنسی مقامی کرنسی میں لاکھوں روپے کے مساوی تھی