نئی دہلی/لاہور(نیوزڈیسک)انڈین پریمیر لیگ کے چیئرمین راجیو شکلا نے کہا ہے کہ شیوسینا کی ہنگامہ آرائی اور ممبئی میں شہریار خان اور ششانک منوہر کی ملاقات منسوخ ہونے کے باوجود مذاکرات ختم نہیں ہوئے اور بھارت ،جنوبی افریقہ ون ڈے سیریز کے بعد دوبارہ رابطہ ہوگا۔دوسری جانب پی سی بی ایگریکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بھی دونوں بورڈ کے درمیان دوبارہ مذاکرات کا عندیہ دیا ہے۔آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا نے پاکستانی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ انڈین کرکٹ بورڈ جنوبی افریقہ کے خلاف 25 اکتوبر کو ممبئی میں ہونے والے سیریز کے آخری ون ڈے کے بعد دوبارہ رابطے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس حوالے سے ششانک منوہر بھی تصدیق کرچکے ہیں۔ پاک انڈیا سیریز پر مذکرات ابھی منسوخ نہیں ہوئے اور جنوبی افریقہ کے ساتھ جاری ون ڈے سیریز کے بعد کسی مقام پر یہ بات چیت دوبارہ شروع ہو گی۔انہوںنے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ پی سی بی وفد کی مہمان نوازی کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ نے تقاضے پورے نہیں۔ ان کا کنا تھاکہ پی سی بی وفد کو مدعو کرنے کے بعد ٹھہرانے کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامات کیے گئے اور بورڈ کے صدر ششانک منوہر دراصل شہریار خان سے ملاقات کے لیے ہی ہیڈ کوارٹر پہنچے تھے تاہم انتہا پسند شیوسینا نے حالات میں خرابی پیدا کردی ۔نجی ٹی وی کے مطابق پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پیغام بھجوایا ہے کہ مذاکرات ختم نہیں ہوئے اور اس سلسلے کو آگے بڑھایا جائے گا۔اگر بی سی سی آئی سیریز نہیں کھیلنا چاہتا تھا تو وہ صاف بتا دیتے اور انھیں مدعو نہ کرتے۔ شیوسینا کی حرکتیں بی سی سی آئی کے لیے بھی شرمندگی کا باعث بنی ہیں جس پر بھارتی میڈیا بھی تنقید کررہا ہے۔