ممبئی(نیوز ڈیسک)ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کی دھمکیوں اور پی سی بی چیرمین اور انڈین کرکٹ بورڈ کے سربراہ سے ملاقات سبوتاڑ کرنے کے بعد سابق فاسٹ بولرز وسیم اکرم اور شعیب اختر نے احتجاجاً جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان ہونے والے ون ڈے میچ میں کمنٹری کرنے سے انکار کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے سابق سپر اسٹار فاسٹ بولرز وسیم اکرم اور شعیب اختر نے بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان 25 اکتوبر کو ممبئی میں ہونے والے پانچویں ون ڈے میچ میں کمنٹری کرنا تھی تاہم شیوسینا کے غنڈوں کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کی بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سے ملاقات کے دوران بی سی سی ہیڈکوارٹر پر دھاوا بولنے اور امپائر علم ڈار کو دھمکیوں کے بعد سیریز کے آخری میچ میں اپنی خدمات پیش کرنے سے احتجاجاً انکار کردیا ہے جب کہ دونوں شخصیات نے 22 اکتوبر کو چنئی میں ہونے والے میچ کے بعد بھارت چھوڑنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی امپائر علیم ڈار کو بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان چوتھے اور پانچویں ایک روزہ میچ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دینے تھے تاہم شیو سینا نےعلیم ڈار کو میچ کروانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں جس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انتہا پسند تنظیم کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے علیم ڈار کو بھارت اور جنوبی افریقا کی سیریز سے باہر کردیا ہے اور اب وہ آخری 2 میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام نہیں دے سکیں گے۔