ابو ظبی(نیوز ڈیسک) یونس خان کے اعزاز میں تقریب میں شرکت کیلئے سابق عظیم کرکٹرز جاوید میانداد اور حنیف محمد کو بھی دعوت دے دی گئی، اس کا انعقاد 28 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کا ریکارڈ قبضے میں کرنے والے یونس خان سے بورڈ نے آنکھیں پھیری ہوئی ہیں، انگلینڈ کے خلاف ابوظبی ٹیسٹ میں جب انھوں نے جاوید میانداد کے 8832 رنز کا ریکارڈ توڑا تو چھوٹی سی تقریب سجانے سے بھی گریز کیا گیا، یونس خان کے بعض قریبی دوست اس کا ازالہ کرنے کیلئے 28 اکتوبر کو دبئی میں تقریب کا انعقاد کر رہے ہیں۔اس میں شرکت کیلئے جاوید میانداد اور حنیف محمد کو بھی دعوت دے دی گئی، آئی سی سی کے پاکستانی صدر ظہیرعباس پہلے ہی آنے کی تصدیق کر چکے ہیں، تقریب میں یونس کی بھرپور انداز میں پذیرائی ہو گی، قومی ٹیم اور بورڈ حکام کو بھی مدعو کیا جائے گا۔دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ ابوظبی ٹیسٹ میں ریکارڈ قائم کرنے کے بعد سے اب تک یونس خان کو کسی بورڈ آفیشل نے فون کر کے مبارکباد نہیں دی، چیئرمین شہریارخان تو اس دن یو اے ای میں ہی تھے انھوں نے بھی سینئر بیٹسمین کو نظرانداز کیا، البتہ رسمی کارروائی پوری کرتے ہوئے ایک پریس ریلیز جاری کر دی گئی۔اس صورتحال پر کرکٹ کے حلقے خاصے ناراض ہیں ،ذرائع نے مزید بتایا کہ گذشتہ دنوں پی ایس ایل کی تقریب میںمدعو نہ کیے جانے پر یونس خان نے میڈیا میں آ کر جس طرح اظہار خیال کیا اس پر حکام سخت ناخوش ہیں، اسی لیے ان کے کارنامے کو زیادہ اہمیت نہیں دی گئی۔سابق کرکٹر سرفراز نواز کے مطابق یونس خان نے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کیلئے ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یونس خان نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتایا ہے اور وہ سابق کپتان ہے مگر انہیں پی سی بی نے سنٹرل کنٹریکٹ میں بی گریڈ یا جو کہ شرم کی بات ہے ۔