ابو ظہبی ( نیوزڈیسک) کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز یونس خان نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد 19رنز کا بے چینی سے انتظار تھا . میانداد کی برابری نہیں کر سکتا . مجھے اپنے مرحوم والد سے ہمیشہ حوصلہ ملا . سخت محنت پر یقین رکھتا ہوں ۔ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ وہ میانداد کی برابری نہیں کرسکتے کیونکہ وہ بجا طور پر عظیم بیٹسمین ہیں۔یونس خان نے کہاکہ میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ میں کبھی جاوید میانداد کے رنز سے آگے نکل سکوں گا تاہم اگر یہ سب کچھ ہوا ہے تو اس کا کریڈٹ بھی جاوید میانداد کو جاتا ہے۔ میانداد نے انھیں کئی ایسی اہم باتیں انھیں بتائی تھیں جنھیں وہ آج بھی نہیں بھولے ہیں اور ان کے کریئر میں بہت کام آئی ہیں۔یونس خان نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد سے انھیں ان 19 رنز کا بے چینی سے انتظار تھا اور یہ انتظار کافی صبر آزما تھا۔انہوںنے کہاکہ جب وہ بیٹنگ کے لیے جا رہے تھے تو کسی حد تک نروس تھے اور اسی لیے انھوں نے تیز کھیل کر یہ 19 رنز بنانے کی کوشش کی۔یونس خان نے کہا کہ جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑنے پر انھوں نے میدان میں زیادہ جوش و خروش کا مظاہرہ اس لیے نہیں کیا کیونکہ وہ اپنے کھیل پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے ٹیم کو اچھی پوزیشن میں لے جانا چاہتے تھے۔انھوں نے کہا کہ انھیں اپنے مرحوم والد سے ہمیشہ حوصلہ ملا اور وہ انہی کی طرح سخت محنت پر یقین رکھتے ہیں۔یونس خان نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز اور سنچریوں کے ریکارڈ کے باوجود وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں اور اس سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں اور یہ بات بھی انھیں جاوید میانداد نے سکھائی تھی کہ کرکٹ میں ہر دن نیا ہوتا ہے۔