اسلام آباد( نیوزڈیسک)بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کے سابق سربراہ احسان مانی نے کہا ہے کہ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کےلئے ہونے والے معاہدے پر عمل نہیں کر تا تو پاکستان کو بھارت کا بائیکاٹ کر دینا چاہیے ۔ایک غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ آئی سی سی کے تحت ہونے والے مقابلوں میں بھی بھار ت کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دے اس طرح بھارت پر دباﺅ بڑھے گا ۔ایک سوال کے جوا ب میں انہوںنے کہاکہ آئی سی سی کے مقابلے میں گروپ تجارتی معاملات کو مد نظر رکھ کر بنائے جاتے ہیں اس میں رینکنگ کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا آئی سی سی کی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی دلچسپی کو برقراررکھا جائے اور زیادہ سے زیادہ فنڈز اکٹھے کئے جائیں اس لئے مختلف ممالک کے گروپ بنا دیئے جاتے ہیں تاکہ اپنے مقاصد حاصل کئے جاسکیں انہوںنے کہاکہ بھارت کو چاہیے کہ وہ پاکستان سے ہونے والے سمجھوتے پر عملدر آمد کرے.دنیا پاکستان اور بھار ت کے درمیان ہونے والے میچوں کو دلچسپی سے دیکھتی ہے اس لئے ان دونوں ممالک کے درمیان مقابلے ہونے چاہئیں ۔