اسلا م آباد(نیوزڈیسک) وفاقی حکومت نے بریگیڈئر ( ریٹائرڈ ) خالد سجاد کھوکھر کو اختر رسول سے استعفی لیے جانے کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا صدر مقرر کردیا گیا ہے۔یہ فیصلہ وزیراعظم نواز شریف نے کیا ہے جو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن بھی ہیں۔ برطانوی خبررساں ادارے بی بی سی کے مطابق خالد سجاد کھوکھر وفاقی وزیر احسن اقبال کے قریبی رشتہ دار ہیں۔خالد سجاد کھوکھر ماضی میں قومی ہاکی ٹیم کے مینیجر رہ چکے ہیں لیکن اس کے بعد سے وہ قومی ہاکی کے معاملات سے مکمل طور پر دور رہے ہیں۔خالد کھوکھر کو صدر بنایا جانا اس لیے بھی حیران کن ہے کیونکہ پچھلے کئی ہفتوں سے مقتدر حلقے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی کو ہاکی فیڈریشن کے نئے صدر کے طور پر دیکھ رہے تھے اور ان کی اس ضمن میں وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی روایت کے مطابق نیا صدر نیا سیکریٹری مقرر کرتا ہے اس صورتحال میں موجودہ سیکریٹری رانا مجاہد کے لیے اپنے عہدے پر برقرار رہنا ممکن دکھائی نہیں دیتا اور نئے سیکریٹری کے طور پر سابق اولمپیئن شہباز سینیئر کا نام لیا جا رہا ہے۔