کراچی (نیوزڈیسک)سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ خاموشی وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کا طاقت اور انتظامیہ کے فیصلوں پر چپ رہنا ان کی بہترین حکمت عملی ہے۔ایک انٹرویو میں راشدلطیف نے کہا کہ میرے خیال میں خاموش رہنا سرفراز کیلئے بہتر ہے اسی میں ان کی جیت ہے راشد نے کہا کہ ٹیسٹ اورون ڈے میں اچھی پرفارمنس کے بعد سرفراز کو ٹی ٹوئنٹی میچ سے باہر نہیں کرنا چاہیے تھا وہ مسلسل پرفارم کر رہے ہیں بالخصوص مشکل حالات میں وہ ٹیم کو میچ جیتنے میں مدد کرتے ہیںراشدلطیف کے مطابق، سرفراز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نہ کھلانے پر سامنے آنے والی قیاس آرائیوں کو ختم کرنے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک پریس ریلیز جاری کرنی چاہیے۔راشد لطیف نے کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی پلئنگ الیون کا حصہ نہیں بن سکا تو اس پر ہیڈ کوچ وقار یونس کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں کیونکہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ کپتان کا ہوتا ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ انتظامیہ بالخصوص کوچ کو کھلاڑیوں کے حوالے سے ہمیشہ مثبت رویہ اختیار کرنا چاہیے کیونکہ اس طرح کرکٹروں کی حوصلہ افزائی اور اعتماد بڑھتا ہے۔