لاہور (نیوز ڈیسک) قومی سلیکشن کمیٹی کے چیف ہارون رشید نے کہا ہے کہ آفریدی کو چاہئے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں تاکہ اپنی فارم بحال کرسکیں۔ ٹی ٹوینٹی کے کپتان کے طور پر بہتر پرفارمنس دینا ان کی ذمہ داری ہے اور اس کیلئے واحد صورت یہی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ آفریدی ابھی سے محنت شروع کردیں تو وہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ تک ردھم حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے عمر اکمل کو ون ڈے ٹیم میں شامل نہ کرنے کے فیصلے پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمر اکمل کو شامل کرنے کا ارادہ تھا لیکن وہ خود ہی کھیلنے میں سنجیدہ نہ تھے۔ انہیں ٹریننگ کیمپ بلایا گیا لیکن وہ وعدہ کے باوجود بھی نہ آئے، ایسے میں انہیں کیسے شامل کیا جاسکتا تھا۔ ون ڈے میں ان کی پرفارمنس ایسی ہرگز نہ تھی کہ انہیں صرف پرفارمنس کی بنیاد پر شامل کرلیتے۔ ٹی ٹوینٹی میں اس کے برعکس صورتحال ہے، اسی لئے انہیں یہاں کھلایا جارہا ہے۔