کراچی(نیوزڈیسک)دنیائے کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کارکردگی میں عدم تسلسل کی وجہ سے جانی جاتی ہے ، لیکن اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو پاکستانی ٹیم ایشیا کی سب سے کامیاب ٹیم ہے اور شاید حقیقی ایشین ٹائیگرز بھی پاکستانی ٹیم ہی ہے ۔دمبولا میں سری لنکا کو پہلے ون ڈے میں شکست دے کر پاکستان کرکٹ ٹیم نے ون ڈے تاریخ میں اپنی فتح نمبر چار سو سینتالیس حاصل کی جس کے ساتھ پاکستان کرکٹ ٹیم سب سے زیادہ میچز جیتنے والی دنیا کی دوسری اور ایشیا کی پہلی ٹیم بن گئی ۔ پہلے نمبر پر آسٹریلیا ہے جبکہ بھارتی ٹیم نے چار سو چھیالیس میچز جیتے ۔ سری لنکا نے تین سو چھپن اور بنگلہ دیش نے صر ف تیرانوے ون ڈے میچز جیتے ۔ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستانی ٹیم ایشین ٹیموں میں سب سے آگے ہے ۔ پاکستان نے ایک سو چوبیس ٹیسٹ جیتے ، بھارت نے ایک سو بائیس، سری لنکا نے بہتر اور بنگلہ دیش نے سات میچز جیتے ہیں ۔ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں پاکستان ٹیم باون میچز جیت کر سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز جیتنے والی ٹیم ہے، سری لنکا نے بیالیس اور بھارت نے تیس ٹی ٹوینٹی میچز جیتے ۔یوں مجموعی طور پر پاکستان نے ایک ہزار تین سوچھبیس انٹرنیشنل میچز کھیل کر چھ سو تیئس میں کامیابی حاصل کی جو اسے مجموعی طور پر سب سے زیادہ میچز جیتنے والی ٹیموں میں تیسرے اور ایشین ٹیموں میں پہلے نمبر کا حقدار بناتی ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں