لندن (نیوز ڈیسک) سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر لندن میں اس وقت چکرا کے رہ گئے جب انہوں نے اپنی بس مس کردی، اس کے بعد اجنبی دیس میں ٹنڈولکر کو مدد کا اور کوئی طریقہ نہ سوجھا تو ٹوئٹر پر لوگوں سے مدد مانگنا شروع کردی تاہم ٹوئٹر پر جواب دینے کیلئے صرف وہی مداح موجود تھے جو کہ ان کے قریب نہ تھے۔ دراصل ہوا کچھ یوں کہ ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ دیکھنے کی غرض سے لندن جانے والے سچن ٹنڈولکر ایک گاو¿ں کی سیر کیلئے آکسفورڈشائر گئے تھے۔وہاں سے واپسی کیلئے چند محدود تعداد میں ہی بسیں روانہ ہوتی ہیں تاہم سیر و تفریح میں ٹنڈولکر کی توجہ وقت پر نہ رہی اور مقررہ وقت پر آخری بس بھی روانہ ہوگئی۔ اس کے بعد ٹنڈولکر نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پرتمام ماجرا بیان کیا اور اپنی تصویر اپ لوڈ کی۔ اس موقع پر ٹنڈولکر کو جواب دینے والوں میں دنیا بھر سے ان کے مداح شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ٹنڈولکر کی مدد کرتے ہوئے فخر محسوس ہوتا تاہم بدقسمتی سے وہ وہاں موجود نہیں ہیں۔